کیا سرخ پیاز کا استعمال گرمیوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچا جاسکتا ہے؟

ماہرین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سرخ پیاز کے استعمال سے گرمیوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچا جاسکتا ہے۔ سرخ پیاز کو عام طور پر گرمیوں کے کھانے کے ساتھ سلاد کے طور پر کھایا جاتا ہے، لیکن کیا آپ کو معلوم ہے یہ شدید گرمی میں لو لگنے یا ہیٹ اسٹروک سے بچانے میں مدد فراہم کرسکتی ہے؟ سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ ہیٹ اسٹروک کی علامات کیا ہے؟ بہت زیادہ پسینہ آنا، سر درد، چکر آنا، متلی، دل کی دھڑکن کا تیز ہونا، جلد کا سرخ ہونا اور دیگر علامات ہیٹ اسٹروک کا عندیہ دیتی ہیں۔ اسی حوالے سے مالیکیولز جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ موسم گرما کے دوران کھانوں کے ساتھ سرخ پیاز کا استعمال کرنا چاہیے، کیونکہ پیاز میں پروٹین، فینولک مرکبات (phenolic compounds)، فلیونوئیڈز(flavonoids) اور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو جسم کو ممکنہ گرمی کے اثرات سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ سرخ پیاز کو گرمیوں کا سپر فوڈ کیوں سمجھا جاتا ہے؟ جرنل آف فوڈ میجرمنٹ اینڈ کریکٹرائزیشن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق سرخ پیاز میں پانی اور الیکٹرولائٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جسم میں پانی کی کمی کو دور کرتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ گرمی کی لہر کے دوران نظام ہاضمہ فعال رکھنے میں مدد دیتی ہے، کیونکہ گرمی سے آنتیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ مزید براں اسی حوالے سے ماہر غذائیت روجوتا دیویکر نے بتایا کہ سرخ پیاز گرمیوں میں کچی کھائی جاسکتی ہے اور یہ پیٹ کے نظام کو گرمی اور پیٹ کے بیکٹیریا کو متاثر ہونے سے بچاتی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت