عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں بدھ کے روز کمی دیکھنے میں آئی، جہاں امریکی ڈالر کی مضبوطی اور ٹریژری ییلڈز میں اضافے نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی امیدوں کو پس منظر میں دھکیل دیا۔ اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 4,467.59 ڈالر فی اونس تک آ گئی، جبکہ گزشتہ سیشن میں سونا 30 مارچ کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.9 فیصد گر کر 4,471.10 ڈالر پر آ گئے۔ ماہرین کے مطابق بلند شرح سود اور مضبوط ڈالر کے باعث سونے کی کشش کم ہو رہی ہے، کیونکہ سرمایہ کار زیادہ منافع دینے والے اثاثوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ ڈالر چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر برقرار ہے، جس سے دیگر کرنسی رکھنے والوں کے لیے سونا مہنگا ہو جاتا ہے۔ امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ کی ییلڈ ایک سال سے زائد کی بلند سطح پر مستحکم رہی، جس سے سونے جیسے بغیر منافع والے اثاثوں کو رکھنے کی لاگت بڑھ گئی۔ ادھر امریکا اور ایران کے درمیان بیانات متضاد رہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ممکنہ فوجی کارروائی کا عندیہ دیا، جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ دونوں ممالک کشیدگی کم کرنے کے خواہاں ہیں اور مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ فیڈرل ریزرو کے عہدیداروں کے مطابق موجودہ شرح سود برقرار رکھنے سے مہنگائی پر دباؤ کم ہو رہا ہے، تاہم سرمایہ کار اب اس امکان پر بھی غور کر رہے ہیں کہ شرح سود مزید بڑھ سکتی ہے۔ ماہرین کی اکثریت کا خیال ہے کہ فیڈرل ریزرو رواں سال شرح سود میں کمی نہیں کرے گا، جبکہ سرمایہ کار مرکزی بینک کی آئندہ پالیسی جاننے کے لیے اپریل اجلاس کے منٹس کا انتظار کر رہے ہیں۔ دیگر دھاتوں میں چاندی کی قیمت 0.8 فیصد کم ہو کر 73.22 ڈالر فی اونس رہی، پلاٹینم 0.5 فیصد گر گیا جبکہ پیلیڈیم میں 0.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔