کوئٹہ شٹل ٹرین پر فتنہ الہندوستان کا دہشت گرد حملہ

کوئٹہ میں پشین اسٹاپ کے قریب شٹل ٹرین پر بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کا بزدلانہ دہشت گرد حملہ ہوا ہے۔ فتنہ الہندوستان نے ایک بار پھر کوئٹہ میں امن کو نشانہ بناتے ہوئے ایک مسافر ٹرین پر حملہ کیا، جس میں نہتے شہری، خواتین، بچے اور بزرگ سوار تھے۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اور اسٹریٹجک کامیابیاں بھارت اور اس کے پراکسی عناصر کو بے چین کر رہی ہیں، جس کے باعث وہ مایوسی میں اس قسم کی بزدلانہ دہشت گرد کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کا مقابلہ کرنے میں ناکام یہ امن دشمن عناصر جان بوجھ کر نرم اہداف اور عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں تاکہ خوف اور عدم استحکام پھیلایا جا سکے۔ چمن پھاٹک کے قریب ہونے والا یہ حملہ ان معصوم مسافروں کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی جو عید اپنے خاندانوں کے ساتھ منانے کے لیے گھروں کو جا رہے تھے، جس سے حملہ آوروں کی غیر انسانی سوچ بے نقاب ہوتی ہے۔ عوامی انفراسٹرکچر، مسافر ٹرینوں اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا ایک شرمناک دہشت گردی ہے اور بلوچ روایات و اقدار کے بھی سراسر خلاف ہے۔ دھماکے سے نہ صرف ٹرین متاثر ہوئی بلکہ قریبی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جو ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ ان گروہوں کو انسانی جانوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ بیرونی ایجنڈے کے تحت بلوچستان میں دہشت پھیلانے والے عناصر صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس قسم کے بزدلانہ حملے ان کی مایوسی اور اخلاقی دیوالیہ پن کو مزید بے نقاب کرتے ہیں۔