ملک کا مشہور اور بلند ترین سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ 7 ماہ کی طویل بندش کے بعد سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ ہیوی مشینری کی مدد سے شاہراہ پر موجود کئی فٹ بلند گلیشئرز اور برف کو صاف کر کے راستے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ بابوسر ٹاپ پر اس وقت موسم شدید سرد ہے اور بادلوں کے درمیان برف کے دلکش نظارے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ راستے کھلنے کے بعد اس خوبصورت سیاحتی مقام پر بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔ مقامی انتظامیہ نے بالائی علاقوں کا سفر کرنے والے تمام سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل اپنے ساتھ گرم ملبوسات لازمی رکھیں تاکہ شدید سرد موسم میں کسی بھی مشکل سے بچا جا سکے۔






