وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کے پی میں فارورڈ بلاک کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ پروپیگنڈا اس لیے کیاگیاکہ وفاقی بجٹ میں ایک بار پھرعوام کا خون چوسا جائےگا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشل منتقل کرنے کا بھی مطالبہ کردیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت فقط بانی پی ٹی آئی ہی ختم کر سکتے ہیں، جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کوئی نیا پیغام نہیں آئے گا، میں ہی وزیراعلیٰ رہوں گا۔ سہیل آفریدی بولے عمران خان نےکہا تھاکہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہوگا تو دنیاکی کوئی طاقت اسے تبدیل نہیں کرسکتی۔ بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ کے پی حکومت نے کابینہ سے بجٹ پیپر پاس کرالیا ہے، ہم نے کوئی سرپلس بجٹ نہیں دیا،کے پی حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرے گی۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارا سارا فوکس صحت، تعلیم، زراعت، نوجوان اورجنگلات پر ہے، ہم اپنے بجٹ میں بہت اچھی اور عوام دوست چیزیں لارہے ہیں، وفاقی بجٹ کا اثر سارے صوبوں بشمول گلگت بلتستان پر پڑے گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشل منتقل کرنے کا بھی مطالبہ کردیا۔ سہیل آفریدی نےکہا ہم چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کی فیملی اور ذاتی معالج کی موجودگی میں ہو، ان کے مقاصد کچھ اور ہیں اس لیے یہ ملنے نہیں دے رہے، مجھے اگر نہیں ملنے دیتے تو کم ازکم فیملی کو ملنے دیا جائے۔






