متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال گروپ کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ بہادرآباد میں رہنماؤں کے درمیان پارٹی اجلاس کے بعد اختلافات ہوئے، ایم پی اے اعجازالحق اور رہنما ذاکر کے ساتھ دوسرے گروپ کےکارکنان نے ہاتھا پائی کی۔ انہوں نے کہا کہ منگلا شرما اور سبین غوری کے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی۔ اُدھر بہادرآباد کے قریب مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ کی، کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے اور پتھراؤ بھی کیا جس کے باعث 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ایم کیو ایم رہنما امین الحق کا کہنا تھاکہ دوسرے گروپ کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے ہمارا ایک کارکن زخمی ہوا اور پتھراؤ سے بھی کارکنان زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ دفترمیں شدید توڑ پھوڑ کی گئی ہے اور ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے، اب یہ معاملہ مزید آگے چلنا ممکن نہیں۔






