پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے دن کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 9 ہزار 720 روپے کم ہوکر 4 لاکھ 32 ہزار 716 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا 8748 روپے کمی سے 3 لاکھ 69 ہزار 422 روپے کا ہوگیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا، سونا 97 ڈالر کمی سے فی اونس 4102 ڈالر کا ہوگیا ہے۔ چاندی کی قیمت بھی 40 روپے کمی سے 6889 روپے ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔






