ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کووڈ-19 کی بوسٹر ویکسین نہ صرف کورونا وائرس (SARS-CoV-2) سے تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ مستقبل میں جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والے ممکنہ نئے کورونا وائرسز کے خلاف بھی مدافعت پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یونیورسٹی آف کیمبرج کے محققین کے مطابق کووڈ ویکسین سے بننے والی اینٹی باڈیز صرف موجودہ وائرس کی مختلف اقسام ہی نہیں بلکہ بعض ایسے جانوروں میں پائے جانے والے کورونا وائرسز کو بھی پہچاننے کی صلاحیت رکھتی ہیں جو مستقبل میں وبا کی صورت اختیار کر سکتے ہیں۔ تحقیق کی شریک مصنفہ گریس ویسٹ کا کہنا ہے کہ انہیں توقع تھی کہ کووڈ ویکسین موجودہ ویریئنٹس کے خلاف مؤثر ہوگی۔ تاہم، یہ جان کر حیرت ہوئی کہ یہ بعض ایسے حیوانی کورونا وائرسز کے خلاف بھی تحفظ فراہم کر سکتی ہے جن میں مستقبل کی وبا بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کووڈ ویکسین کی 13 ارب سے زائد خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، جنہوں نے اسپتال میں داخلوں اور اموات کی شرح میں نمایاں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔






