فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا۔ پری کوارٹر فائنل میں پرتگال کو اسپین کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے کیریئر کے چھٹے اور آخری ورلڈ کپ میں شریک رہے۔ تاہم پری کواٹر فائنل میں اسپین سے شکست کے بعد وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ اور آنسوؤں کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کو الوداع کہا۔ اسپین کے مائیکل مرینو نے میچ کے 91 منٹ میں فیصلہ کن گول کر کے ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔ پرتگال کے کوچ روبرٹو مارٹینز نے رونالڈو کی تاریخ کا عظیم آئیکون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی قیادت، عزم اور ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور کوشش کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ رونالڈو نے اپنے ورلڈ کپ کیریئر میں 27 میچز کھیلے اور 11 گول اسکور کیے۔ ان کا واحد ناک آؤٹ مرحلے کا گول رواں ٹورنامنٹ میں آیا۔ جس کی بدولت پرتگال نے کروشیا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ اسپین کے کوچ نے بھی رونالڈو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھیل کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ اور نوجوانوں کے لیے بہترین رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ رونالڈو نے اعلان کیا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہو گا۔






