قومی کرکٹر بابر اعظم امارتی لیگ میں نئے تنازع میں پھنس گئے۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے وقت پر پہنچنے کے باوجود پاکستانی صحافیوں کو انٹرویو دینے سے انکار کردیا۔ صحافیوں کے مطابق فرنچائز کی میڈیا منیجر نے پاکستانی صحافیوں کو بتایا کہ بابر نے انٹرویو دینے سے انکار کیا ہے، بابر نے پاکستان کے بجائے بھارتی اور غیر ملکی صحافیوں کو انٹرویو دیے۔ پاکستانی صحافیوں نے پی سی بی سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ کرکٹر نے پاکستان کے بجائے بھارتی صحافیوں کو انٹرویو کیوں دیا۔ واضح رہے کہ بابر اعظم یو اے ای میں جاری آئی ایل ٹی20 لیگ میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ چند روز قبل قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی ایل ٹی 20 میں اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیزرٹ وائپرز کو شارجہ واریئرز کے خلاف 6 وکٹوں سے فتح دلائی۔ بابر اعظم نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں صرف 51 گیندوں پر 86 رنز اسکور کئے جس میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ شاندار پرفارمنس پر بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کے 13 چوکوں نے آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی بنادیا۔

