کرسٹیانو رونالڈو تاریخ کے امیر ترین کھلاڑیوں میں شمار، مجموعی اثاثوں کی مالیت کتنی؟

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اگرچہ اپنے شاندار بین الاقوامی کیریئر میں قومی ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ کا تاج نہ پہنا سکے، تاہم مالی کامیابیوں کے میدان میں وہ نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ فوربز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق رونالڈو کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے جس کے بعد وہ تاریخ کے امیر ترین کھلاڑیوں میں شمار کئے جانے لگے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران رونالڈو کی سالانہ آمدنی 300 ملین ڈالر رہی، یعنی ان کی دولت میں ہر منٹ میں تقریباً 570 امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم ایک لاکھ 58 ہزار روپے سے زائد فی منٹ بنتی ہے۔ فوربز کے مطابق رونالڈو کی آمدنی میں نمایاں اضافہ 2023 میں سعودی کلب النصر سے معاہدے کے بعد ہوا جس کی انہوں نے 2025 میں تجدید بھی کی۔ اس معاہدے کے تحت کرسٹیانو رونالڈو سالانہ 200 ملین ڈالر سے زائد کماتے ہیں۔ جو انہیں دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالرز میں شامل کرتا ہے۔ رونالڈو کی آمدنی صرف فٹبال تک محدود نہیں۔ اسپانسرشپ معاہدے، مختلف کاروباروں میں سرمایہ کاری اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی ان کی دولت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ اگرچہ حالیہ فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہا اور رونالڈو کی یہ ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ شرکت تھی، تاہم انہوں نے ابھی تک بین الاقوامی فٹبال سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا ہے۔