آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شادمان اسلام کو آؤٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب لیفٹ آرم بولر کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ڈارون میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مچل اسٹارک نے اننگز کے نویں اوور میں شادمان اسلام کو نیتھن لیون کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی اسٹارک نے سری لنکا کے سابق اسپنر رنگانا ہیراتھ کی 433 ٹیسٹ وکٹوں کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔ مچل اسٹارک کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد اب 434 ہوگئی ہے، جو انہوں نے 106 ٹیسٹ میچز میں حاصل کی ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں بھارت کے لیجنڈری آل راؤنڈر کپل دیو کے ساتھ مشترکہ طور پر 11ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 36 سالہ مچل اسٹارک کو ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاپ 10 بولرز کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے مزید صرف 6 وکٹیں درکار ہیں۔ جنوبی افریقہ کے عظیم فاسٹ بولر ڈیل اسٹین 439 وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم 414 ٹیسٹ وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین لیفٹ آرم بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ مچل اسٹارک نے اکتوبر 2010 میں آسٹریلیا کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا اور جلد ہی تینوں فارمیٹس میں ٹیم کے اہم فاسٹ بولر بن گئے۔ وہ ان چند کرکٹرز میں شامل ہیں جنہوں نے ون ڈے ورلڈ کپ، ٹی20 ورلڈ کپ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سمیت آئی سی سی کے تینوں بڑے مردوں کے عالمی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں بھی اسٹارک کا ریکارڈ شاندار ہے، جہاں وہ 130 میچز میں 247 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی ون ڈے میں اوسط 23.58 ہے، جبکہ وہ آسٹریلیا کی 2015 اور 2023 کی ورلڈ کپ فاتح ٹیموں کا بھی حصہ رہے۔






