نوجوانوں کے لیے 1 ارب روپے کے پہلے ‘نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام’ کا آغاز کردیا گیا ، جس کے تحت ہر کامیاب نوجوان کو 5 لاکھ روپے تک کا معاوضہ دیا جائے گا۔ وفاقی وزارت برائے توانائی (پاور ڈویژن) نے ملک کے توانائی کے بحران سے نمٹنے اور جدید تحقیق کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے پہلے “نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام پاور سیکٹر میں نئی تحقیق، ٹیکنالوجی اور تخلیقی حل پیدا کرنے کی سمت میں ایک اہم پیشرفت ہے۔ اس قومی پروگرام کے تحت ایک مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم بطور “انوویشن حب” کام کرے گا، جس کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں، محققین، جامعات اور انرجی ماہرین کو ایک چھت تلے اکٹھا کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اویس لغاری نے اعلان کیا کہ آئندہ تین برسوں کے دوران 1 ارب روپے سے زائد کی رقم کامیاب اور قابلِ عمل منصوبوں کے لیے مختص کی جائے گی۔ ہر کامیاب نوجوان کو اس کے جدید منصوبے پر 5 لاکھ روپے تک کا معاوضہ دیا جائے گا جبکہ حکومت ان نوجوانوں کی مکمل سرپرستی، رہنمائی اور مالی معاونت کرے گی۔ پروگرام کا بنیادی مقصد بہترین ریسرچ اور نظریات کو عملًا قابلِ عمل صنعتی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے تاکہ توانائی کے درپیش چیلنجز کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔ اویس لغاری کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام محض عارضی اسکیم نہیں بلکہ ایک مستقل قومی ادارہ جاتی نظام ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ دور میں پاور سیکٹر کو سخت محنت، اختراع اور تخلیقی سوچ کی اشد ضرورت ہے۔






