کیا آپ بادام کھانے سے صحت پر پڑنے والے کرشماتی فوائد سے آگاہ ہیں؟

بادام کو ویسے ہی چبائیں، اس کے ٹکڑے کسی کھانے میں شامل کر دیں یا پیس کر نگل لیں۔ ہر صورت میں اس مزیدار گری کو کھانے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے، اب دریافت ہوا ہے کہ اس سے بلڈ شوگر کے مریضوں کی دماغی صحت بہتر ہوتی ہے جبکہ میٹابولک صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ دی جرنل آف نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ بادام کھانے کی عادت سے دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے اور ایسے افراد ٹیسٹوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس تحقیق میں 40 سے 60 سال کی عمر کے 60 ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو ہائی بلڈ شوگر سے تو متاثر تھے مگر ذیابیطس ٹائپ 2 سے محفوظ تھے۔ تحقیق میں شامل افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو 6 ماہ تک روزانہ 28 سے 40 گرام بادام کھلائے گئے جبکہ دوسرے گروپ کو اس گری سے دور رکھا گیا۔ محققین نے ان افراد کی دماغی کارکردگی کا جائزہ 6 ماہ بعد آن لائن ٹیسٹوں کے ذریعے لیا۔ ان افراد کے خون کے نمونوں کے ذریعے بلڈ شوگر کی سطح، انسولین بننے کے عمل، ورم اور خلیاتی تناؤ کو بھی ٹریک کیا گیا۔ تحقیق کے اختتام پر دریافت ہوا کہ جو افراد بادام کھانے والے گروپ میں شامل تھے، انہوں نے دماغی کارکردگی کے ٹیسٹوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی تفصیلات کا تجزیہ کرنے اور ردعمل ظاہر کرنے کی رفتار بھی تیز ہوگئی۔ تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ ان افراد کے جسمانی وزن میں بھی کمی آئی جبکہ وہ بلڈ شوگر کو زیادہ بہتر کنٹرول کرنے لگے۔ محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ بادام کھانے کی عادت سے دماغ اور میٹابولک صحت دونوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی بلڈ شوگر کے مریضوں کی گلوکوز کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے جبکہ انسولین کی مزاحمت بڑھ جاتی ہے، جس سے جسم کی دماغ کو مناسب مقدار میں توانائی فراہم کرنے کی صلاحیت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بادام فائبر، پروٹین، صحت کے لیے مفید چکنائی، میگنیشم، اینٹی آکسائیڈنٹس اور ایسے غذائی اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں جو بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنے، ورم اور تکسیدی تناؤ میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹابولک صحت کو بہتر بنا کر بادام دماغی افعال کو بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ البتہ محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج محدود ہیں کیونکہ اس میں بہت کم افراد کو شامل کیا گیا تھا اور مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ علم ہوسکے کہ صحت مند افراد کو اسے کھانے سے کتنا فائدہ ہوتا ہے۔ البتہ انہوں نے بتایا کہ گریوں، پھلوں، سبزیوں اور دیگر غذائی اجزا سے بھرپور غذاؤں کے استعمال کو عادت بنانے سے دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت