ہیڈنگلے ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست دے دی۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں 238 رنز کا خسارہ اتارنے میں بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 135 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان 41 اور شان مسعود 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عبداللہ شفیق 15، سعود شکیل 14، اذان اویس 9، خرم شہزاد 8، علی عثمان 7، محمد عباس 6، کپتان سلمان آغا 4 اور امام الحق 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے اولی روبنسن، جوفرا آرچر اور جوش ٹنگ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کی۔ گَس ایٹکنسن نے 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل تیسرے روز انگلینڈ نے 366 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو جوفرا آرچر سمیت ٹیل اینڈرز نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور 409 رنز تک پہنچا دیا۔ جوفرا آرچر 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ جیمی اسمتھ 25 اور جوش ٹنگ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک (91)، جورڈن کاکس (73)، کپتان جو روٹ (66) اور ڈین لارینس (51) نے نصف سنچریز اسکور کرکے بڑا اسکور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے علی عثمان نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ خرم شہزاد نے 3 جبکہ محمد عباس اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 171 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔






