2 نئی پنشن اسکیمیں متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا، فنڈز کی فراہمی کے لیے حکومتِ پنجاب سے ڈھائی ارب روپے کا قرض لیا جائے گا۔ پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے اہم اجلاس میں جہاں کارپوریشن کی بیکار پراپرٹی کی نیلامی کے شیڈول کی منظوری دی گئی، وہیں صنعت کاروں اور ملازمین کے لیے کئی بڑے فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔ کارپوریشن کے ملازمین کی فلاح کے لیے جامع پنشن اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے 2 نئی پنشن اسکیمیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان پنشن اصلاحات کو عمل میں لانے اور فنڈز کی فراہمی کے لیے حکومتِ پنجاب سے ڈھائی ارب روپے کا قرض لیا جائے گا۔ اجلاس میں اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ ‘سندر ٹو’ کے کینسل شدہ پلاٹوں کے الاٹیز کے لیے ایک زبردست ریلیف پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔ جس کے تحت الاٹیز کو کل بقایا جات کی ادائیگی پر 20 فیصد کی خصوصی رعایت دی جائے گی۔ ریلیف حاصل کرنے والے الاٹی کو 6 ماہ کے اندر فیکٹری کی تعمیر مکمل کرنا ہوگی جبکہ 2 سال کے اندر پیداوار کا باقاعدہ آغاز کرنا لازم ہوگا۔ اجلاس کے اختتام پر بورڈ نے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی توثیق کی اور تمام زیرِ التوا انتظامی امور کی باقاعدہ منظوری دے دی۔






