سکیورٹی فورسز کا قلات میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 12دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا جس میں فتنہ الہندوستان کے 12دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیاگیا، پناہ گاہ کی نشاندہی، نگرانی اور بروقت کارروائی کے ذریعے دہشتگردوں کا صفایا کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کےٹھکانے سے برآمد اسلحہ اور گولہ بارود،آئی ای ڈیز بھی موقع پر تباہ کردیے گئے، علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کےخاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کےخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے بتایا کہ بھاگ شہر میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا ہے، پولیس کی جوانمردانہ مزاحمت سے دہشتگرد پسپا ہوگئے، دہشتگردوں نے پولیس اسٹیشن، بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر حملہ کیا تھا۔شاہد رند نے کہا کہ تقریباً 40 دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹ اور دستی بموں سے حملہ کیا، دہشتگرد پولیس اسٹیشن بھاگ پر قبضہ اور اسلحہ چھیننے میں ناکام رہے، ان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے۔ معاون وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بینک سے کوئی نقدی لوٹنے میں کامیاب نہیں ہوسکے، بم ڈسپوزل یونٹ نے بینک میں دہشتگردوں کی نصب کردہ آئی ای ڈی بھی ناکارہ بنا دی۔