پاکستان کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کیلئے انگلینڈ نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ واضح رہے انگلینڈ نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کے خلاف 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ کیلئے اپنے اسکواڈ میں سونی بیکر کو برقرار رکھا ہے، تاہم فاسٹ بولر میتھیو فشر کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے 15 رکنی اسکواڈ میں جو روٹ(کپتان)، جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، سونی بیکر، شعیب بشیر، ہیری بروک، سیم کک، جارڈن کاکس، بین ڈکٹ، ایمیلیو گے، ڈین لارنس، اولی پوپ، اولی رابنسن، جیمی اسمتھ اور جوش ٹنگ شامل ہیں۔ انگلینڈ نے لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔ میچ میں انگلش ٹیم نے بالخصوص بولنگ کے شعبے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو واضح فرق سے شکست دی۔ لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد انگلینڈ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل میں سری لنکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز میں کامیابی نے انگلینڈ کی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ مہم کو بھی دوبارہ پٹری پر ڈال دیا ہے۔ اس سے قبل انگلش ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف 1-4 سے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ رواں موسم گرما میں نیوزی لینڈ نے بھی انگلینڈ کو اس کی ہوم سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔ دوسری جانب پاکستان عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر بدستور آخری پوزیشن پر موجود ہے۔پاکستانی ٹیم اب سیریز کے آخری ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے دورے کا اختتام مثبت انداز میں کرنے کی کوشش کرے گی۔






