شاہد آفریدی کوسندھ پولیس میں اہم ذمہ داری مل گئی

کراچی میں سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے زیراہتمام سینٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کو سندھ پولیس کا سفیرِ کھیل مقرر کردیا گیا۔ تقریب کے دوران شاہد آفریدی کو سفیرِ کھیل مقرر کیے جانے کی سند بھی پیش کی گئی۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کے اسپورٹس بورڈ کا سفیر بن کر شاہد آفریدی نے پولیس فورس کو اعزاز بخشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں کھیلوں کا فروغ ہمیشہ ترجیح رہا ہے اور پولیس میں کھیلوں کے انعقاد کا خواب طویل عرصے سے دیکھا جا رہا تھا۔ آئی جی سندھ کے مطابق رواں سال نومبر میں سندھ پولیس کے زیر اہتمام کھیلوں کا ایک بڑا میلہ سجایا جائے گا، جس کے ذریعے پولیس اہلکاروں اور نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر شاہد خان آفریدی نے سندھ پولیس کا سفیرِ کھیل مقرر ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں ان کا خواب تھا کہ وہ سندھ پولیس کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوکر کھیلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر مقرر ہونا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پولیس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔