7 برس بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم گراؤنڈ میں مداحوں کی آمد پر غصہ ہوگئے اور ایک مداح کا موبائل فون لےکر پھینک دیا۔ پریزیڈنٹ ٹرافی گریٹ ون فرسٹ کلاس کے چوتھا راؤنڈ شروع ہوگیا ہے۔اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ پرکھیلے جارہے میچ میں بابر اعظم ایک بار پھر ناکام ہوگئے۔ او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر اعظم اسٹیٹ بینک کے خلاف 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ آؤٹ ہونے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے مداحوں کی بڑی تعداد نے بابر کو گھیرلیا۔ فیلڈنگ کے دوران بھی شائقین بابراعظم کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے بار بار گراؤنڈ میں آتے رہے۔ ایک موقع پر بابر اعظم کو مداحوں نےگھیرلیا، مداحوں کا ہجوم دیکھ کر بابر اعظم غصے میں آگئے اور سیلفی کے خواہش مند ایک مداح کا موبائل بابر اعظم نے دور پھینک دیا۔ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے نامناسب انتظامات کی وجہ سے مداحوں کی بڑی تعداد اسٹار کھلاڑی کے ارد گرد جمع ہوتی رہی، جس کی وجہ سے بابر اعظم نے ڈریسنگ روم کی جانب دوڑ لگا کر اپنی جان چھڑائی۔

