انسٹاگرام میں “ریڈ اونلی موڈ” نامی نئے فیچر پر کام کیے جانے کا انکشاف

میٹا کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام میں “ریڈ اونلی موڈ” نامی نئے فیچر پر اندرونی سطح پر کام کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے ذریعے صارف پلیٹ فارم پر موجود مواد دیکھ تو سکے گا، تاہم اس کی سرگرمیوں کا کوئی نشان باقی نہیں رہے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات سامنے لانے والے لیکر اور ریورس انجینئر الیساندرو پالوزی نے ایکس پر انسٹاگرام کے ممکنہ نئے فیچر کی تفصیلات اور اس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے ہیں۔ سامنے آنے والی معلومات کے مطابق ریڈ اونلی موڈ فعال ہونے کے بعد صارف انسٹاگرام پر موجود مواد کو براؤز کرسکے گا، تاہم اسے مواد لائک کرنے، کمنٹ کرنے، پیغام بھیجنے، کسی کو فالو کرنے یا اسٹوریز دیکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس طرح صارف پلیٹ فارم پر مواد دیکھ سکے گا، لیکن اس کی جانب سے عام طور پر نظر آنے والی کوئی سرگرمی ریکارڈ نہیں ہوگی۔ رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ یہ فیچر ممکنہ طور پر انسٹاگرام پلس اکاؤنٹس کے لیے زیر غور ہوسکتا ہے، تاہم انسٹاگرام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال یہ فیچر عام صارفین کے لیے آزمائشی مرحلے میں بھی نہیں ہے۔ انسٹاگرام کے ترجمان نے ٹیکنالوجی ویب سائٹ کو بتایا کہ ریڈ اونلی موڈ صرف اندرونی سطح پر کیا جانے والا تجربہ ہے اور اسے بیرونی طور پر ٹیسٹ نہیں کیا جارہا۔ اس لیے فیچر کی حتمی لانچ کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں۔ انسٹاگرام نے “ریڈ اونلی موڈ” کے ممکنہ حفاظتی خدشات یا مستقبل میں اس کی آزمائش سے متعلق مزید تفصیلات بھی فراہم نہیں کیں۔