ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے اپنے آخری انٹرنیشنل میچ کو شاندار فتح کے ساتھ یاد گار بنا دیا۔ ای ایس پی این کے مطابق بیونس آئرس کے مونومینٹل اسٹیڈیم میں 85 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے کھیلے گئے میچ میں لیونل میسی نے پہلے نکولس اوتامندی اور پھر نیکو پاز کے گول میں معاونت کی اور 71 ویں منٹ میں پنالٹی پر خود گول کرکے اسکور 0-3 کر دیا، یہ ان کا ارجنٹینا کے لیے 126 واں انٹرنیشنل گول تھا۔ میچ کے اختتام پر لیونل میسی نے جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ان کی زندگی میں ہونے والی سب سے خوبصورت چیز ہے۔ قومی ٹیم کی شرٹ اور شائقین کو بہت یاد کروں گا، اب ٹیم کے ساتھ بطور حامی کھڑا رہوں گا۔ لیونل میسی اپنے انٹرنیشنل فٹبال کیریئر کے آخری میچ سے قبل اور دوران کئی بار جذباتی دکھائی دیئے، قومی ترانے کے موقع پر اسٹار فٹبالر کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ 39 سالہ فٹبالر نے اس میچ کے ساتھ ارجنٹینا کے لیے اپنے 21 سالہ انٹرنیشنل فٹبال کیریئر کا اختتام کیا، وہ قومی ٹیم کی جانب سے 208 میچز کھیلنے والے سب سے زیادہ کیپ رکھنے والے اور ریکارڈ گول اسکورر کھلاڑی کے طور پر رخصت ہوئے۔ مونومینٹل اسٹیڈیم میں میسی کے اعزاز میں خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھے، میسی کے اعزاز میں خصوصی پیغام کے ساتھ ان کی جرسی کے نمبر 10 کو بھی نمایاں کیا گیا۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ میچ کے 10 ویں منٹ میں اسٹار فٹبالر کی جرسی کے نمبر 10 کے اعزاز میں کھیل روک کر شائقین نے ایک منٹ تک تالیاں بھی بجائیں۔ میچ کے اختتام پر ڈرون شو کے ذریعے لیونل میسی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود میسی کا فٹبال سفر مکمل نہیں ہوا، لیونل میسی کلب فٹبال میں فی الحال انٹر میامی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ وہ 8 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے دنیا کے واحد فٹبالر ہیں۔ لیونل میسی کا ارجنٹینا کے ساتھ سفر کئی تاریخی کامیابیوں سے عبارت رہا، انہوں نے قومی ٹیم کو کوپا امریکا اور فیفا ورلڈ کپ سمیت اہم ٹائٹل جتوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

