بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنا لیے اور بھارت کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دے دیا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 50 گیندوں پر ناقابلِ شکست 102 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 204 رہا۔ شیرفین ردرفورڈ نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر ناقابلِ شکست 49 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز کے شمراون ہیٹمائر نے صرف 12 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جبکہ روومین پاول نے 17 گیندوں پر 24 رنز اسکور کیے۔ جیول اینڈریو 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل، پرنس یادیو اور ارشدیپ سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی بولرز رنز کی رفتار روکنے میں ناکام رہے اور ویسٹ انڈیز نے 12.35 رنز فی اوور کی اوسط سے بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ پانچ میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں میں بھارت نے دو جبکہ ویسٹ انڈیز نے ایک میچ جیتا۔ اس طرح بھارت کا پلڑا بھاری ہے اگر ویسٹ انڈیز یہ میچ جیت جاتا ہے تو سیریز برابر ہو جائے گی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 6 اکتوبر کو کھیلا گیا جس میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔دوسرا ٹی ٹوئنٹی 9 اکتوبر کو ہوا جس میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ شائی ہوپ نے اس میچ میں بھی ناقابلِ شکست 102 رنز بنائے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی 11 اکتوبر کو ہوا جس میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔

