ہانگ کانگ انٹرنیشنل سکسز؛ پاکستان نے عمان کو فائنل میں شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا

پاکستان نے ہانگ کانگ انٹرنیشنل سکسز ٹورنامنٹ کے پلیٹ فائنل میں عمان کو 18 رنز سے شکست دے دی۔ مونگ کوک کے مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے مقابلے میں کپتان عباس آفریدی نے صرف 16 گیندوں پر ناقابلِ شکست 73 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ عباس آفریدی نے 11 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 73 رنز اسکور کیے، جبکہ عبدالصمد نے 7 گیندوں پر 32 رنز بنائے، جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ احمد دانیال نے 5 گیندوں پر ناقابلِ شکست 25 رنز بنائے۔ جواب میں عمان کی ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 4 وکٹوں پر 136 رنز بنا سکی۔ زوہیب امانت نے 18 گیندوں پر ناقابلِ شکست 61 جبکہ عثمان علی نے 17 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، تاہم ٹیم ہدف سے 18 رنز پیچھے رہ گئی۔ پاکستان کی جانب سے فیصلہ کن اننگز کھیلنے پر عباس آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔