پیٹرول ریلیف اسکیم میں رجسٹرڈ افراد کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت نہ دینے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت “پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام” کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے پروگرام کی پیشرفت اور شفافیت پر کامل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے واضح کیا کہ رجسٹرڈ مستحق شہریوں کو فیول ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے ہدایت کی جو پیٹرول پمپس مستحقین کو سہولت فراہم نہیں کریں گے، ان کے لائسنس سسپنڈ یا منسوخ کر دیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے آسان طریقہ کار سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچا، ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف اسکیم مستقبل کی عوامی فلاح کے لیے “گیم چینجر” ثابت ہوگی۔ اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے فیول ریلیف اسکیم کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا اسکیم کے تحت اب تک 1 کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ رجسٹرڈ افراد میں 15.06 ملین (1 کروڑ 50 لاکھ سے زائد) موٹر سائیکل مالکان اور 4 لاکھ 49 ہزار 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔ جاری کردہ 63.15 ملین (6 کروڑ 31 لاکھ) میں سے 59.44 ملین ٹوکنز استعمال (Redeem) کیے جا چکے ہیں جبکہ 4 نومبر 2026ء تک فیول سبسڈی کی مد میں مجموعی طور پر 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ معلومات اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کی بروقت تیاری پر شزا فاطمہ اور سیکریٹری آئی ٹی کی کارکردگی کو بالخصوص سراہا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔