کوپ31 اجلاس؛ وزیراعظم کی سوڈان، فن لینڈ اور عراق کے صدور سے ملاقاتیں، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ31 کے موقع پر سوڈان، فن لینڈ اور عراق کے صدور سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عراق کے صدر نزار محمد سعید الامیدی سے ملاقات میں وزیراعظم نے عراق میں کامیاب… سوڈان کی عبوری خودمختار کونسل کے صدر جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات میں وزیراعظم نے سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور سوڈانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی رابطوں کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے ملاقات میں وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں فن لینڈ کی کمپنیوں کی موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹیلی کمیونیکیشن، جدید مینوفیکچرنگ، ماحول دوست ٹیکنالوجی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات میں سیلاب کی پیشگی اطلاع، آبی وسائل کے انتظام، گلیشیئرز کی نگرانی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فن لینڈ کے صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور ثالثی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے انہیں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔ عراق کے صدر نزار محمد سعید الامیدی سے ملاقات میں وزیراعظم نے عراق میں کامیاب پارلیمانی انتخابات اور نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت، تعمیرِ نو، زراعت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے عراق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا جبکہ پاکستانی زائرین کو سہولیات فراہم کرنے پر عراقی حکومت کے تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔