وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینےکی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، جس کے مطابق اسلام آباد کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا، انتظامی یونٹ کے منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 تک رکھنےکی تجویز ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی انتظامی اور جغرافیائی ہیئت تبدیل کرنےکا منصوبہ تیار ہے۔ اسلام آبادکو خصوصی اسٹیٹس یا ایک مثالی انتظامی یونٹ بنایا جائےگا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا، انتظامی یونٹ کے منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 تک رکھنےکی تجویز ہے، منصوبے میں اسلام آباد کی جغرافیائی حدود میں توسیع بھی شامل ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہےکہ کے پی کے ضلع ہری پور کے علاوہ راولپنڈی کے بعض علاقے وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنےکی تجویز زیر غور ہے۔ ضلع مری کےحلقہ این اے 51 کے علاقے بھی وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنےکی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ گوادریا دیگربندرگاہوں کو اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں شامل کرنے کا منصوبہ ترک کردیا گیا۔

