پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں اپنی صلاحیتوں اور شاندار کارکردگی سے نمایاں مقام بنانے والے 2سابق کرکٹرز محمد یوسف اور ثنا میر کو پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پی سی بی ہال آف فیم پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائم کیا گیا ایک اعزازی پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے ان عظیم سابق کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنی غیر معمولی کارکردگی، کامیابیوں اور کھیل کے لیے خدمات کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، انضمام الحق، جاوید میانداد، فضل محمود، حنیف محمد،عمران خان، مصباح الحق، مشتاق محمد، سعید انور، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اورظہیرعباس بھی ہال آف فیم کا حصہ ہیں۔ پی سی بی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق محمد یوسف کا انتخاب شفاف ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا جس میں ظہیر عباس، سابق کپتان رمیز راجہ، سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان، سابق ویمنز کپتان عروج ممتاز اور کرکٹ صحافی و تجزیہ کار سلیم خالق اور سہیل عمران نے حصہ لیا۔ سابق خاتون کرکٹر ثناء میرکوآئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پرشامل کیا گیا جس کے بعد پی سی بی ہال آف فیم میں کھلاڑیوں کی تعداد 16ہوگئی۔ محمد یوسف نے 381 انٹرنیشنل میچز میں 17 ہزار 300 رنز بنائے انہوں نے 2006 میں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار 788 رنز بنا کرعالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اسی طرح ثناء میر نے 226 انٹرنیشنل میچز میں 240 وکٹیں اور 2 ہزار 432 رنز بنائے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے محمد یوسف اورثناءمیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے فخرسے پاکستان کی نمائندگی کی اور ملکی کرکٹ میں منفرد مقام بنایا۔

