علاقائی مسائل کا حل الزام تراشی سے نہیں بلکہ شواہد سے ممکن ہے، مصدق ملک

نئی دہلی: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ خطے میں درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے ٹھوس شواہد اور شفاف طریقہ کار کو بنیاد بنانا ہوگا۔ پاکستان امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کی جانے والی ہر مثبت کوشش میں تعاون کرے گا۔ نئی دہلی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کا ایک جگہ جمع ہوکر باہمی معاملات پر تبادلہ خیال کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ بیٹھک اور مکالمے سے علاقائی صورتحال میں بہتری آسکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ان کی قیادت میں پاکستانی وفد تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے بھارت کے دارالحکومت پہنچا ہے۔ وہ آج شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ گفتگو کے دوران ایک بھارتی صحافی نے ان سے دہشتگردی کے معاملے پر سوال کیا، جس کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کے باعث شدید مشکلات اور نقصانات کا سامنا کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی جیسے حساس معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنے کے لیے ایک ایسا شفاف طریقہ کار ہونا چاہیے جس کے ذریعے معاملات کو واضح انداز میں آگے بڑھایا جاسکے۔ ڈاکٹر مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس حوالے سے متعدد مرتبہ طریقہ کار پیش کرچکا ہے۔ ان کے مطابق خطے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے الزام تراشی کے بجائے حقائق اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بات چیت کرنا ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ممالک کے درمیان رابطوں اور تعمیری مکالمے کو فروغ دینے سے امن و سلامتی کے قیام میں مدد مل سکتی ہے اور خطے کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مثبت پیش رفت ممکن ہوسکتی ہے۔