اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حالیہ سیاسی بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ ارکان کو ایسی گفتگو سے مکمل اجتناب کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے حکومت کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوتا… وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے تمام اراکین ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیانات دینے سے گریز کریں اور باہمی اختلافات کو افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے حل کریں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے حکومت کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور اس سے تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے، جبکہ ملک معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی اور سفارتی محاذ پر بھی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزرا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کابینہ اراکین کو اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور ملکی بہتری پر مرکوز رکھنی چاہیے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری بیان بازی سے گریز کریں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے اور ملک میں سیاسی استحکام کے لیے تمام سیاسی رہنماؤں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کے درمیان نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر حالیہ دنوں میں بیانات کا تبادلہ ہوا تھا۔

