پاکستان ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ ڈھاکا میں مسلسل بارش نے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل نہ ہونے دیا، آفیشلز نے طویل انتظار کے بعد میچ کے خاتمے کا اعلان کیا اور ایونٹ کے قانون کے مطابق پاکستان کو فاتح قرار دے دیا۔ قانون کے مطابق گرین شرٹس بہتر رن ریٹ اور لیگ میچ میں بھارت کو شکست دینے کے سبب چیمپئن قرار پائے۔ پاکستان نے لیگ میچز میں بھارت کےعلاوہ سری لنکا اور بنگلا دیش کو بھی شکست ہرایا تھا۔ پاکستان کو ایشیئن چیمپئن قرار دینے کے فیصلے پر بھارت نے الزامات عائد کردتے ہوئے اعتراض کیا کہ پاکستان کو فائنل کھیلے بغیر ٹرافی دے دی گئی۔ بھارتی ایسوسی ایشن کے مطابق سلطان شاہ نے ٹیکنیکل کمیٹی کا مشترکہ فاتح قرار دینے کا فیصلہ مسترد کیا اور میچ ریفری کو پاکستان کے حق میں فیصلہ دینے پر مجبور کیا۔ ذرائع کے مطابق سات نومبر کو ٹیکنیکل کمیٹی نے تمام ٹیموں کو پہلے ہی پلیئنگ کنڈیشنز سے آگاہ کردیا تھا جس کے تحت پلینگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 27 میں بارش سے فائنل متاثر ہونے پر قانون واضح تھا۔ قانون کے مطابق میچ نہ ہونے کی صورت میں بہتر نیٹ رن ریٹ والی ٹیم فاتح قرار پانی تھی۔ پاکستان کو چیمپئن قرار دینے پر بھارتی ٹیم نے تقسیم انعامات کی تقریب کا بائیکاٹ کردیا اور رنرز اپ ٹرافی لیے بغیر ہی اسٹیڈیم سے چلی گئی۔