’’ستاروں سے آگے‘‘ ڈاکومنٹری جاری، پاکستانی سائنس و ٹیکنالوجی کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین

پاکستان کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے سفر پر مبنی ولولہ انگیز ڈاکومنٹری ’’ستاروں سے آگے‘‘ جاری کردی گئی، جس میں قیامِ پاکستان سے اب تک سائنسی ترقی، تحقیق، جدت اور قومی عزم کی شاندار داستان پیش کی گئی ہے۔ ڈاکومنٹری میں 1947 میں قیامِ پاکستان سے شروع ہونے والے سائنسی سفر کے اہم تاریخی سنگ میل، عظیم سائنس دانوں کی خدمات اور مختلف شعبوں میں قومی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ ڈاکومنٹری کے مطابق محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے جوہری ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق سمیت سائنس و ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس موقع پر پہلے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی مشن کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جو شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں سبز ہلالی پرچم کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ پاکستانی خلاباز کا تاریخی سفر، طلبہ خوشی سے سرشار پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر پوری قوم بالخصوص طلبہ نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی خلاباز کا خلائی سفر ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بڑی اسکرینوں پر دکھایا گیا، جہاں طلبہ اپنے قومی ہیرو کو خلا کی جانب روانہ ہوتے دیکھ کر انتہائی پرجوش نظر آئے اور تالیوں کے ساتھ اس تاریخی لمحے کا جشن منایا۔ بلوچستان، گوجرانوالہ، پشاور، سوات اور سرگودھا کے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات نے غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اسی طرح مظفرآباد، کوٹلی، میرپور اور مشٹمبہ سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی پاکستانی خلاباز کی خلا میں روانگی پر خوشی منائی گئی۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ نے اس تاریخی سفر کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ نوجوان نسل کے لیے نئی امید پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کا تاریخی خلائی سفر نوجوان نسل کے لیے ایک نئی امید اور مشعلِ راہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ’’ستاروں سے آگے‘‘ ڈاکومنٹری میں پاکستان کے سائنسی سفر اور خلائی تحقیق میں پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ عزم، محنت، تحقیق اور جدت کے ذریعے محدود وسائل کے باوجود بڑے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ یہ تاریخی موقع پاکستان کے نوجوانوں میں سائنسی علوم سے دلچسپی پیدا کرنے اور مستقبل میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے جذبے کو مزید تقویت دینے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔