وفاقی نظامت تعلیمات (فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن) نے سرکاری تعلیمی اداروں کے نئے اوقات کار جاری کردیے۔ ڈی جی وفاقی نظامت تعلیمات کی منظوری سے ڈائریکٹر اکیڈمکس رفعت جبین نے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق موسم سرما کے لیے نئے اوقات کار کا اطلاق یکم دسمبر 2026ء سے 29 جنوری 2027ء تک ہوگا، سنگل شفٹ تعلیمی ادارے پیر سے جمعرات صبح ساڑھے 8 سے دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے، سنگل شفٹ تعلیمی اداروں میں جمعہ کو دوپہر ساڑھے 12 بجے چھٹی ہوگی۔ پریپ کلاسز کے اوقات صبح ساڑھے 8 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک مقرر ہوئے ہیں، ای سی ای ون کلاسز صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے 11 بجے تک ہوں گی، ای سی ای ٹو کلاسز صبح ساڑھے 11 سے دوپہر ڈھائی بجے تک ہوں گی، ڈبل شفٹ تعلیمی اداروں کی صبح کی شفٹ سوا 8 سے دوپہر سوا ایک بجے تک ہوگی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈبل شفٹ تعلیمی اداروں کی صبح کی شفٹ میں جمعہ کو سوا 12 بجے چھٹی ہوگی، شام کی شفٹ پیر سے جمعرات دوپہر سوا ایک سے شام 6 بجے تک ہوگی، جمعہ کو شام کی شفٹ دوپہر ڈھائی سے شام 6 بجے تک ہوگی۔ شہری اور دیہی علاقوں کے تمام متعلقہ سرکاری تعلیمی اداروں کو نئے اوقات کار پر عمل درآمد کی ہدایت کردی گئی۔۔

