ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے، ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی جس کی شناخت 40 سالہ نجیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی جبکہ 14 افراد زخمی اور 13 تاحال لاپتا ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کا خدشہ ہے، جس کے باعث بھاری مشینری کے استعمال میں احتیاط برتی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں مسلسل ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن میں تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں تاکہ ملبے تلے موجود کسی بھی شخص کو نقصان نہ پہنچے۔ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ لاپتا افراد کے اہل خانہ بھی اپنے پیاروں کی تلاش میں پریشان ہیں۔ دوسری جانب چیئرمین آباد حنیف گوہر نے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آباد نے ہمیشہ آواز اٹھائی، مگر متعلقہ اداروں نے توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے زیر تعمیر عمارتوں کو سیل کرنے کے احکامات کے بعد قانونی تعمیرات بھی بند کردی گئی ہیں۔ اگر پیر تک قانونی عمارتوں کو ڈی سیل نہ کیا گیا تو کاروبار بند کرکے سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ حنیف گوہر کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ محکموں کو اس بات کی نگرانی کرنی چاہیے کہ کون سی عمارتیں قانونی تقاضے پورے کرکے تعمیر کی جا رہی ہیں تاکہ غیر قانونی اور قانونی تعمیرات میں فرق کیا جاسکے۔

