سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ریلی نکالنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق 29 نومبر کو جلسے اور ریلی کے انعقاد کے لیے سندھ ترقی پسند پارٹی نے پہلے درخواست جمع کرائی تھی، اس لیے پہلے اعلان کرنے والی جماعت کا حق ترجیحی بنیادوں پر تسلیم کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کسی سیاسی جماعت کو ریلی نکالنے سے روکنے کے حق میں نہیں، تاہم ممکنہ تصادم اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ایک ہی دن اور مقام پر دونوں جماعتوں کو ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے ایم کیو ایم کو کسی اور تاریخ پر جلسہ اور ریلی منعقد کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس کے علاوہ جماعت کو ریلی کا روٹ تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے یہ تجاویز ممکنہ سیاسی ٹکراؤ سے بچنے اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دی گئی ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے متبادل تاریخ اور روٹ سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے آنا باقی ہے۔