مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ

محکمہ ریلوے نے کرایوں میں ایک بار پھر5 فیصد اضافہ کردیا، جس کا اطلاق کل سے ہوگا، گزشتہ دو مہینے میں تیسری بار اضافہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے بعد پاکستان ریلوے نے بھی ٹرینوں کے کرائے بڑھا دیے۔ اس حوالے سے پاکستان ریلوے نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق ٹرین کرایوں میں5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اطلاق کل سے ہوگا۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کرایوں میں اضافہ تمام مال گاڑیوں، ایکسپریس ٹرینوں کیلئے ہوگا، 250کلو میٹر چلنے والی شٹل، پسنجر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔ ریلوے انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں وزارت ریلوے کی جانب سے کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا، ریلوے کی جانب سے 10اگست کو 10فیصد ،2ستمبر کو 5فیصد کرایوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔