پاکستان میں غیر قانونی طور پرمقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

نیشنل ایکشن پلان پر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے، غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی متوقع ڈیڈلائن تک اثاثے فروخت اور اپنے وطن واپس جانے کے پابند ہوں گے۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر ،صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے شرکت کی۔ شرکا کو دہشت گردی کی روک تھام کےلیے اقدامات اور غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کےخلاف کارروائی پر بریفنگ دی گئی اور امن و امان کے قیام کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ ایپکس کمیٹی اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر قانونی غیرملکیوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کوملک سے نکالنےکیلئےحتمی ڈیڈ لائن دینےکاامکان ہے، غیرقانونی مقیم غیرملکی متوقع ڈیڈلائن تک اثاثےفروخت ،اپنےوطن واپسی کے پابند ہوں گے اور ڈیڈ لائن ختم ہونے پر غیر ملکیوں کو ملک بدر، جائیدادیں ضبط کر دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق افغان شہری قانونی طورپر اجراکردہ ڈیجیٹائزڈ ’’ای تزکیرہ‘‘پرہی پاکستان کاسفرکرسکیں گے اور پاکستان میں صرف ’’پروف آف رجسٹریشن‘‘کےحامل افغانی سکونت کےاہل ہوں گے۔ ذرائع نے کہا کہ قانونی ویزا کے حامل افغان شہری بھی پاکستان کا سفر کرنے کے اہل ہوں گے جبکہ پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغانی، شہریوں کوبھی ممکنہ ڈیڈ لائن تک اپنے ملک جاناہو گا۔