سائفر کیس: اڈیالہ جیل میں پہلی سماعت جاری، وکلاء کو جیل میں داخلے کی اجازت

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم عدالت میں سائفر کیس کی پہلی سماعت آج ہو رہی ہے۔ اڈیالہ جیل خصوصی عدالت میں جج ابو الحسنات ذوالقرنین سماعت کر رہے ہیں۔ دونوں ملزمان سابق وزیراعظم چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جیل میں موجود ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور اڈیالہ جیل میں اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباسی سمیت 12 وکلا کو اڈیالہ جیل میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے جن میں بیرسٹر سلمان صفدر، سردار لطیف کھوسہ، راجہ یاسر، نعیم حیدر پنجوتھا، بیرسٹر عمیر خان نیازی، چوہدری خالد یوسف، نیاز اللہ خان نیازی، رائے محمد علی، لال عمر بودھلا، جواد اصغر اور علی اعجاز بٹر شامل ہیں۔ آج آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت گرفتار دونوں ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم ہوں گی۔ ملزمان کی طرف سے نقول تقسیم کارروائی روکنے کے لیے نئی متفرق درخواستیں دائر ہوں گی۔ چالان نقول تقسیم ہونے کی صورت میں فرد جرم کے لیے ایک ہفتہ وقت مقرر ہوگا۔ یاد رہے کہ سائفر کیس کی اس سے قبل تین سماعتیں اٹک جیل میں ہو چکی ہیں، ایف آئی اے سائفر کیس کا چالان آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں جمع کروا چکی ہے۔