بھارتی ایئرلائن کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

بھارتی ایئرلائن کے طیارے کو دوران پرواز مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دوران پرواز مسافر کو مرگی کے دورے پڑنا شروع ہوئے جس پر بھارتی طیارے کے پائلٹ نے پاکستانی ائیرٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور پھر کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ بھارتی طیارے کی کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے۔ ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ بھارتی طیارہ ہفتہ کو 12 بجکر 28 منٹ پر لینڈ ہوا تھا۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق طیارے کی لینڈنگ کے بعد بارڈر ہیلتھ سروسز اور سی اے اے کے ڈاکٹرز فوری طور پر پہنچ گئے تھے اور مسافرکو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق طیارہ 2 گھنٹے سے زائد کراچی ائیرپورٹ پر رکا رہا،مسافروں کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں تھی،بروقت طبی امداد ملنے پر مسافر کی طبیعت بہتر ہونے پر پرواز کو روانہ کیا گیا۔