عمران خان کو اڈیالا جیل میں سائیکل کیوں دی گئی؟ وجہ سامنے آ گئی

عدالتی احکامات کے بعد اڈیالا جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ورزش کیلئے خصوصی سائیکل مل گئی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات نے کیس پر سماعت کی۔ وکیل نے چیئرمین پی ٹی آئی سے 3 بہنوں کی ملاقات کی درخواست دائر کی۔ جج نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تینوں بہنوں کی ملاقات کی درخواست منظورکرلی اور بہنوں کوکل جیل میں اپنے بھائی سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کو ورزش کیلئے سائیکل مہیا کردی گئی ہے، میں نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی کہ ابھی سائیکل لائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل مل گئی ہے،چلو جان چھوٹ گئی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی وکیل شیراز رانجھا نے کہا کہ سائیکل پرتحریری آرڈر دے دیں، سائیکل ابھی تک نہیں مہیا کی گئی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا میڈیا ہٹے گا تو سائیکل دے دیں گے۔ جج نے عدالتی عملے کوسائیکل سے متعلق تحریری فیصلہ مہیا کرنے کی ہدایت کردی۔ بعد ازاں جج ابوالحسنات ذوالقرنین کےکمرہ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خالدیوسف پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل پہنچا دی گئی ہے۔ وکیل پی ٹی آئی خالدیوسف نے جج سے مکالمہ کرتےہوئے کہا کہ آپ کا بہت شکریہ۔ اس پر جج ابو الحسنات نے ریمارکس دیتے ہوئے کہ چلیں شکر ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل جیل میں پہنچا دی گئی۔