سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید پارٹی صدارت سے تاحیات نااہل قرار

سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو پارٹی صدارت سے تاحیات نااہل قرار قرار دیدیا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان الیکشن بھی نہیں لڑسکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی پارٹی صدارت کا فیصلہ سنادیا ہے،چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے اپنے فیصلے میں پی ٹی آئی کے سابق وزیراعلی کو تاحیات نااہل قرار دیدیا۔ عدالتی ذرائع کےمطابق فیصلہ آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت دیا،زبانی فیصلہ چیف الیکشن کمشنر نےسنادیا،راجہ شہباز چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے کہا کہ تفصلی فیصلہ 2 روز بعد جاری ہوگا۔ گلگت بلتستان کی چیف کورٹ پہلے ہی سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے چکی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی غلام شہزاد آغا نے وزیر اعلیٰ خالد خورشید خان کی قانون کی ڈگری چیلنج کرتے ہوئے آئین پاکستان کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ان کی نااہلی کا مطالبہ کیا تھا۔ درخواست گزار نے اپنے وکیل امجد حسین کے ذریعے مؤقف اپنایا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی جمع کرائی گئی ڈگری کی لندن یونیورسٹی سے تصدیق نہیں ہوئی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اسے جعلی قرار دیا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے عدالت کو بتایا تھا کہ یونیورسٹی آف لندن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی ڈگری کو جعلی قرار دینے کے بعد اس نے خالد خورشید کو جاری کی گئی ایل ایل بی کی ڈگری واپس لے لی ہے۔