پشین میں انتخابی دفتر کے باہر دھماکا، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں دھماکے سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پشین میں آزاد امیدوار کےانتخابی دفتر پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 10 دیگر زخمی ہوگئے۔ پی بی 47 میں انتخابی دفتر کے قریب دھماکے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دھماکے کے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جمعہ داد نے بتایا کہ دھماکے میں متعدد افراد بھی زخمی ہوئے ، زخمی افرادکو اسپتال منتقل کیاجارہا ہے جن میں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پشین پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کرلی ہے۔ الیکشن کمیشن نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی بھی ہدایت جاری کردی۔ نگراں وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشین دھماکے میں ابتدائی معلومات کے مطابق 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ لیویز اور پولیس علاقے میں موجود ہیں ،واقعےکی تحقیقات جاری ہیں، الیکشن کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، افسوسناک واقعے کے باوجود کل الیکشن ہوں گے۔