اسٹیٹ بینک ان ایکشن، ای ایم آئی کمپنی کو کام کرنے سے روک دیا

اسٹیٹ بینک نے میسرز ٹی اے جی انوویشن پرائیویٹ لمیٹڈ کو بطور ای ایم آئی آپریشنز انجام دینے سے روک دیا۔
بینک دولت پاکستان کے جاری اعلامیے کے مطابق میسرز ٹی اے جی انوویشن پرائیویٹ لمیٹڈ کو قابل اطلاق قوانین کے مطابق فوری طور پر الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز (ای ایم آئی) کے طور پر آپریٹ کرنے کیلئے دی گئی اصولی منظوری اور پائلٹ آپریشنز کی منظوری کو منسوخ کردیا گیا ہے۔
مرکزی بینک نے یہ فیصلہ اپنے ضوابطی تقاضوں کی خلاف ورزی کی نشاندہی اور کمپنی کے پائلٹ آپریشنز کے دوران سامنے آنیوالے دیگر خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے مفاد کو تحفظ دینے کیلئے کیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ای ایم آئیز ایسے ادارے ہوتے ہیں جو والٹ، پری پیڈ کارڈز اور ادائیگی کے کونٹیکٹ لیس آلات جیسے اختراعی، صارف دوست اور کم لاگت کم قدر کے حامل ڈیجیٹل ادائیگی کے آلات کی پیشکش کرتے ہیں۔
میسرز ٹی اے جی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے صارفین کے تمام والٹس کو بند کر دے اور گوگل پلے اسٹور، ایپل ایپ اسٹور اور کسی بھی دیگر پلیٹ فارم پر موجود اپنی ایپلی کیشن کو فوری طور پر ہٹادے۔
اس سے قبل قبل اسٹیٹ بینک نے 4 اگست 2022ء کو اپنی پریس ریلیز میں عوام کو میسرز ٹی اے جی کیخلاف کئے گئے ضوابطی اقدام کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔