ضمنی انتخابات: قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوتے ہی ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگیا جس کے ساتھ ہی غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شام 5 بجے تک بلاتعطل… قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ ہوئی ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا 1 حلقہ شامل ہے۔ صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوا ان میں پنجاب اسمبلی کی 12، بلوچستان اور سندھ کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی اسمبلی این اے 8 باجوڑ 366 پولنگ اسٹیشن میں سے 20 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار مبارک زیب 3732 ووٹ لے کرپہلے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر خان 2950 ووٹ لیکردوسرے نمبرپر ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان کے 358 پولنگ اسٹیشن میں سے 5 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے تحت سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین خان 698 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے عبدالرشید خان کنڈی 270 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قومی اسمبلی کی خالی کردہ نشست این اے 119 پر بھی پولنگ ہوئی۔ این اے 119 لاہور 3 کے 338 پولنگ اسٹیشنز میں سے 18 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم ليگ ن کے علی پرویز مدمقابل امیدواروں سے آگے ہیں۔ علی پرویز ملک 2312 ووٹ لے کر پہلے اور سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق 1320 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 قصور 2 کے 342 پولنگ اسٹیشن میں سے 59 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے ملک رشید احمد خان 33810 ووٹ لے کر پہلے اور سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر 16462 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں بھی ضمنی انتخاب ہوا۔ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ کے 303 پولنگ اسٹیشنز میں سے 12 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے تحت پیپلز پارٹی کے خورشید احمد جونیجو 3028 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان کے محمد علی 47 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کے نتائج پنجاب اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوا جس میں لاہور کے 4 حلقے شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی دو نشستوں پی کے 22 باجوڑ اورپی کے 91کوہاٹ 2 جبکہ بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ اور 2حلقوں پی بی 20خضدار ، پی بی22 لسبیلہ میں پولنگ ہوئی۔