بلوچستان کیلئے ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن بنایا جائے: شیری رحمان

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کیلئے ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن بنایا جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جہاں آپریشنز ہو رہے ہیں ہمیں اعتماد میں لیا جائے اور بتایا جائے کدھر کدھر کیا ہو رہا ہے۔ 18 اکتوبر کے زخم نہیں بھولے اور آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پر کیا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے تو کہا تھا پاکستان کے باشندوں سے مذاکرات ہوسکتے ہیں لیکن یہ تو شرپسند بھی نہیں یہ مذہب کو استعمال کرتے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سر اٹھا رہی ہے اور ان کے غیر مسلح ہونے کے ثبوت ہمیں دیں۔ ہم اقتدار میں اس لیے نہیں آئے تھے کہ دہشت گردی سر اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں سوات آپریشن شروع ہوا تھا۔ انسانی حقوق کے معاملات پر آگے بڑھیں اور پارلیمنٹ کے پاس اختیارات ہیں، ہم نے ملک بچانا ہے اور اس کے لیے کام کرنا ہو گا۔