دفتر خارجہ نے پاکستان کیخلاف بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کردیا

وزارت خارجہ نے ممبئی میں ہونے والے اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔
ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہاکہ یہ امر قابل افسوس ہے کہ بھارت نے عالمی دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے کردار سے متعلق عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک اہم کمیٹی کا انتخاب کیا۔
ترجمان نے کہاکہ بھارتی دعوئوں کے برعکس یہ بھارت خود ہے جو پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار نہیں اور ممبئی حملہ کیس کی عدالتی کارروائی کو جان بوجھ کر لٹکا رکھاہے۔
انہوں نے کہا کہ تاخیری حربے استعمال کرکے ممبئی کیس کو بلاجواز طول دینے پر بھارت کی حکومت کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ممبئی کے سی ٹی سی اجلاس میں بھارت کی الزام تراشی نے ایک بار پھر اسلام آباد کی اس دیرینہ تشویش کی تصدیق کر دی ہے کہ بھارت انسداد دہشت گردی کے بین الاقوامی فورمز پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔