وزیر داخلہ کا خاتون صحافی کی موت کی تحقیقات کا عندیہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہونے والی صحافی صدف نعیم کی موت کی تحقیقات کا عندیہ دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ موقع پر موجود صحافیوں کے انکشافات کے بعد معاملہ مشکوک ہوگیا ہے، پنجاب حکومت کی قانونی ذمہ داری ہے کہ ایک بے گناہ خاتون رپورٹر کی دردناک موت کی تحقیق کرائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جاں بحق خاتون رپورٹر کے ساتھی صحافیوں کا بیان ہے کہ صدف کو دھکا دیا گیا، دھکا دینے والے شخص کو گرفتار کیا جائے اور قانون کے تقاضے پورے کیے جائیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس شہادتی بیان کے بعد ضروری ہے کہ واقعے کی تحقیقات ہوں، پنجاب حکومت نے اپنی قانونی اور انسانی ذمہ داری پوری نہ کی تو وفاقی حکومت اپنا قانونی فرض ادا کرے گی۔