دستورایونیو پرکینٹینر لگانے والے حالات کی سنگینی سے ناواقف ہیں: شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دستورایونیو پرکینٹینر لگانے والے حالات کی سنگینی سے ناواقف ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دستور ایونیو پر کنٹینر لگانے والے حالات کی سنگینی سے ناواقف ہیں، نومبر تو اہم ہے ہی پہلے 10دن بھی کم نہیں، رضا شاہ پہلوی بھی طاقت استعمال نہیں کرسکا آپ کس باغ کی مولی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے اپنا سیاسی مردہ خراب کرلیا ہے، مل بیٹھیں الیکشن کا فیصلہ کریں ورنہ کھیل ختم پیسہ ہضم، آج شام 4 بجے پریس کانفرس کروں گا۔
شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ لال حویلی ذاتی ملکیت ہے، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کرپٹ ترین انسان ہے جس کی معطلی ختم کرکے میرے لیے راولپنڈی بھیجا گیا ہے۔
سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین حبیب الرحمان گیلانی ایف آئی اے اور پنجاب اینٹی کرپشن کو آصف خان کی اربوں روپے کرپشن کے ثبوت کے ساتھ درخواست بھیج رہا ہوں، 4 نومبر لانگ مارچ جتنی دیر چاہے پنڈی کا مہمان ہوگا۔