کراچی: پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورت اداروں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔
آصف علی زرداری کا کہنا کہ ہم اپنی پاک فوج کی قربانیوں اور شہادتوں کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔ ہم دشمن کی اس سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے اس دفعہ اندر کے لوگوں ہی سے حملہ کروایا ہے۔ 1947ء سے لے کر اب تک ہم نے اور اداروں نے مل کر دشمن کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ اداروں کی بقا ہی سے ملک کی بقا ہے اور ہم کسی بھی صورت ان پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کانام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ اس شخص کو صرف اقتدار، اقتدار اور اقتدار کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔ اس شخص کو ملک کی سالمیت کی فکر ہے نہ ملک کے اداروں کی۔ ایک شخص ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے ہر لائن عبور کر رہا ہے۔






