وفاقی وزیر آئی ٹی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید امین الحق آئی ٹی پارک منصوبے کے سنگ بنیاد کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر برس پڑے۔
کراچی میں آئی ٹی پارک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم کا حکم ہے کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کو ریلیف دینا ہوگا، اسحاق ڈار سے کہتا ہوں کہ اپنے رویے میں تبدیلی لے کر آئیں۔
سید امین الحق نے کہا کہ وزیر خزانہ کو اچھی طرح معلوم ہے کہ میں کیا کہہ رہا ہوں ، ہٹ دھرمی نہیں چلے گی، آپ وزیراعظم کی ہدایت پر عمل درآمد کریں، میں اگر وزیر نہیں رہوں گا تو آپ بھی وزیر نہیں رہیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرخزانہ نے ہماری وزارت کے تمام پروپوزل روکے ہوئے ہیں، 15دن پہلے زراعت کیلئے کام ہوئے لیکن میں کس طرح کمپنیوں کو بلاؤں گا؟ ۔
امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی پارک 6 ایکڑ کے رقبے پر محیط ہوگا، آئی ٹی پارک میں کلاس روم، ڈیجیٹل لائبریری اور دیگر چیزیں ہوں گی، اس منصوبے پر 42 ارب روپے کی لاگت آئے گی اور یہ جون 2026 میں مکمل ہوگا لیکن ہماری کوشش ہے کہ وقت سے پہلے دسمبر 2025 تک آئی ٹی پارک منصوبہ مکمل کریں۔

